وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان سے پشاور میں ملاکنڈ اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفودنے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر انہوں نے معاون خصوصی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بعض مسائل کو موقع پر حل کیا گیا جبکہ بعض مسائل کے بارے میں محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کیں، اس دوران وفودسے بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی پیر مصور خان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے مسائل و مشکلات کو حل کرنا اولین ترجیح ہے،عوام کے مسائل کا پوری طرح ادراک ہے،پیر مصور خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی دلچسپی سے پورے صوبے سمیت درگئی ملاکنڈ میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائیں گے جس سے عوام حقیقی معنوں میں مستفید ہو سکیں گے،ترقیاتی منصوبوں کے لئے ٹائم فریم کا تعین کیا جائے گا،انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت میں صحت، تعلیم، توانائی سمیت ہر شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، عنقریب صوبے کے مستحق گھرانوں میں سولر سسٹمز کی تقسیم کا آغاز کیا جائے گا،انھوں نے مزید کہا کہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کی غرض سے محکموں میں اصلاحات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے،صوبے میں میرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے تدارک کے لیے حکومت سرگرم عمل ہے، انھوں نے عوام پر زور دیا کہ جنگلات کے فروغ کے لئے شجرکاری اور جنگلات کی کٹائی کے خلاف حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔