وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف

وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے شریف خاندان کے حالیہ بیلاروس دورے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین نسلوں پر مشتمل پورا ٹبر سرکاری خرچ پر سیر سپاٹے کر رہا ہے۔ بیلاروس کا دورہ ایک خاندانی تفریحی ٹرپ تھا جس سے قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کو قوم کے دکھ درد کا کوئی احساس نہیں، عوام مہنگائی کے بوجھ تلے پس رہے ہیں اور حکمران خاندان بیرونِ ملک تفریح میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کبھی بھی اپنے خاندان کو جہاز میں بھر کر سرکاری خرچ پر بیرون ملک نہیں لے کر گئے۔ قیادت اور بادشاہت میں یہی فرق ہے۔بیرسٹر سیف نے سوال اٹھایا کہ شریف خاندان واضح کرے کہ بیلاروس کے دورے سے ملک کو کیا فائدہ پہنچا؟ عوام کے ٹیکس کا پیسہ آخر کس کھاتے میں خرچ ہو رہا ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو اپنے غیرملکی دوروں میں صرف پنجاب یاد رہتا ہے، باقی تین صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو وہ نظر انداز کرتے ہیں، بیرسٹر سیف نے مطالبہ کیا کہ شریف خاندان سرکاری خرچ پر کیے گئے تمام دوروں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائے اور اس پیسے کا حساب دے۔

مزید پڑھیں