وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب کے گورنر نے بلاول زرداری کے وزیراعظم بننے کی خبر کی تصدیق کر دی ہے۔صدر زرداری کچھ عرصہ سے بلاول کو وزیراعظم بنانے کے مشن پر ہیں۔ صدر زرداری بلاول کو شیروانی پہنانے کے خواہش مند ہیں۔ شہباز شریف اپنا بوریا بستر گول کرنے کی تیاری کریں، اپنے دفتر سے جاری بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے فارم 47 پر باریاں لینے کا پلان بنایا ہے، لیکن کامیاب نہیں ہوں گے۔ کیونکہ فارم 47 کے تحت قائم جعلی حکومت کا خاتمہ عنقریب ہے،دونوں پارٹیاں عوام کے مینڈیٹ سے کھیل رہی ہیں حالانکہ مینڈیٹ کا اصل حقدار بانی پی ٹی آئی عمران خان ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے کہا کہ دونوں سیاسی پارٹیاں عوام کے مینڈیٹ سے کھیلنا بند کریں۔ عوام اپنا مینڈیٹ واپس چھیننا جانتے ہیں۔انہوں نے کہا جلد جعلی حکمران سلاخوں کے پیچھے اور عمران خان وزیراعظم ہوں گے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ دونوں سیاسی مافیا ملک کو دھیمک کی طرح چاٹ رہا ہے عوام کی کوئی فکر نہیں ہے 8 فروری کے الیکشن میں دونوں پارٹیوں کو عوام نے بری طرح مسترد کیا ہے مگر سیاسی مافیا نے فارم 47 کا سہارا لے کر جعلی حکومت بنائی ہے۔ جعلی حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا ہے۔