مریم نوازچاہتی ہیں کہ عمران خان انہیں خط لکھیں، لیکن ان کی یہ حسرت کبھی پوری نہیں ہوگی۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیان پر ردعمل

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حالیہ بیان پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز شریف چاہتی ہیں کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان انہیں خط لکھیں، لیکن ان کی یہ حسرت کبھی پوری نہیں ہوگی۔ عمران خان عوام کے حقیقی لیڈر ہیں جبکہ مریم نواز شریف فارم 47 کی لیڈر کے طور پر پہچانی جاتی ہیں۔بیرسٹر محمد علی سیف نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف عمران خان کے ہر منصوبے کی نقل کر رہی ہیں، چاہے وہ کینسر ہسپتال کی تعمیر ہو یا دیگر فلاحی اقدامات۔ ہر روز ان کی تقاریر میں عمران خان کا ذکر ضرور ہوتا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ عمران خان کے سیاسی بیانیے اور عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز حکومت میں آکر بھی دکھی ہیں، جبکہ عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود مسکرا رہے ہیں۔ عمران خان جیل میں قید ہو کر بھی آزاد ہیں اور عوام کے ہیرو ہیں، جبکہ حکومتی لوگ اقتدار میں رہ کر بھی زیرو ثابت ہو رہے ہیں۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے مریم نواز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ عمران خان پر تنقید کرنے کی بجائے عوام پر توجہ دیں، جو مہنگائی، بے روزگاری اور ملکی تاریخ کے سب سے بھیانک قرض تلے دب چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے بغیر محض زبانی بیانات اور اعلانات سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں