خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی اور اقلیتی امور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی ہدایت پر مقتول منموہن سنگھ کے لواحقین سے ملاقات اور تعزیت کی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل شرپسندوں کی فائرنگ سے زخمی ترلوک سنگھ کے گھر گئے اور ان کی عیادت کی۔ نگران صوبائی وزیر نے ان کے علاجِ کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپے مالی معاونت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر یہاں آئے ہیں۔ نگران وزیراعلی نے اس افسوسناک واقعہ کا فوری نوٹس لے کر متعلقہ اداروں کو تحقیقات کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گی اور لواحقین کو انصاف دلایا جائے گا۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے مزید کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے اور اقلیتوں کو نشانہ بنا کر علاقے کا امن خراب کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔ صوبے میں مثالی بھائی چارے کی فضا قائم ہے۔ کسی گروہ کو یہ امن اور بھائی چارے کی فضا خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صوبے میں بسنے والی اقلیتیں اس صوبے پر برابر کا حق رکھتیں ہیں۔
بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے گردوارہ بھائی جوگا سنگھ محلہ جوگن شاہ میں مقتول منموہن سنگھ کے والد موہن سنگھ اور بھائی سمیت سکھ برادری کے رہنماؤں سے ملاقات میں انہیں صوبائی حکومت کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ منموہن سنگھ کے قاتلوں کی جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔