عیدالاضحی کے جذبہ کو اپنا کر پورا عالم اسلام تفرقات سے پاک، دن دگنی رات چوگنی ترقی کر سکتا ہے۔

خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر اطلاعات اور حج و اوقاف بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ قربانی کا جذبہ صرف عید نہیں سال بھر ہونا چاہئے۔ عیدالاضحی پورے عالم اسلام کیلئے نہ صرف اجتماعی طور پر خوشیاں منانے اور بانٹنے کا موقع ہے بلکہ اگر ہم حضرت ابراہیم و اسماعیل علیہما السلام کے لازوال ایثار کا جذبہ ہمیشہ تازہ رکھیں اور اس پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہوں تو دنیا بھر میں مسلمان تفرقات سے جان چھڑا کر یکجان بن سکتے اور دن دگنی رات چوگنی ترقی کر سکتے ہیں۔ وہ پختونخوا ریڈیو پشاور ایف ایم 92.2 کے سٹوڈیو میں عیدالاضحی کے موقع پر سپیشل عید شو د اختر ملغلرے میں بحیثیت مہمان خصوصی اظہار خیال کر رہے تھے۔ سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ مختیار احمد اور پختونخوا ریڈیو کے سٹیشن ڈائریکٹر غلام حسین غازی بھی اس عید شو میں شریک تھے جبکہ میزبانی کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر اباسین یوسفزئی اور پروڈیوسر فطرت بونیری نے انجام دیئے۔ بیرسٹر فیروز جمال کاکاخیل نے پختونخوا ریڈیو میں جدت پسندی اور عوامی پذیرائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا بحیثیت مجموعی عوام کو بڑھتی ہوئی پریشانیوں اور مایوسی کی دلدل سے نکال کر معاشرے میں امید کی شمعیں روشن کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر اباسین کے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عید صرف بچوں کی نہیں بڑوں کی بھی ہوتی ہے۔ عید پر اکثر و بیشتر خاندان اپنے شہر یا وطن سے دور طویل جدائی کے بعد یکجا ہو جاتے ہیں جبکہ حجاج کرام بھی فریضہ حج کے بعد اپنے گھر لوٹ آتے اور خاندان کی خوشیوں میں شریک ہو جاتے ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عیدین کا بنیادی تقاضا ہے کہ ہمسایوں، اعزا و اقربا اور ضرورتمندوں کا دکھ سکھ بانٹ کر رضائے الٰہی حاصل کی جائے، شہداء کے لواحقین سے ملا جائے اور علیل دوست احباب کی عیادت کی جائے۔ ایک سوال پر بیرسٹر فیروز جمال کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت عوام کو نو مئی کے افسوسناک واقعات کے صدمے اور فرسٹیش سے نکال کر انکی خوشیاں لوٹائے گی، اسی طرح ہم شہروں میں پارکوں کی رونقیں بحال اور عوام کو تفریح کی سینکڑوں اضافی سہولیات مہیا کریں گے جبکہ بچوں کے بستوں اور کتابوں کا بوجھ ہلکا کرکے انکی کردار سازی پر بھی توجہ دیں گے۔

مزید پڑھیں