خیبرپختونخوا میں متوازن غذا کے استعمال اور اس کے متعلق آگہی کو فروغ دینے کے حوالے سے نگران وزیر برائے خوراک، زراعت، لائیو سٹاک اور جنگلات آصف رفیق کے ساتھ نیوٹریشن انٹرنیشنل کے گلوبل ڈائریکٹر کرسٹن جو آن کی سربراہی میں ایک وفد نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں خصوصی ملاقات کی۔وفد میں نیوٹریشن انٹرنیشنل پاکستان اور خیبرپختونخوا کے اہم حکام بھی شریک ہوئے۔وفد نے صوبائی وزیر کو نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے خیبرپختونخوا میں جاری متوازن غذا اور غذائیت کے حوالے سے اپنے پراجیکٹس پر بریفنگ دی اور کارکردگی سے آگاہ کیا۔خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے خوراک، زراعت، لائیو سٹاک اور جنگلات آصف رفیق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ متوازن غذا ہر فرد کی ضرورت ہے اس سلسلے میں نوزائیدہ بچوں اور دودھ پلانے والی ماں کی غذائیت کا خیال رکھنے کے حوالے سے آگہی کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں متوازن غذا کے حوالے سے نوزائیدہ بچوں کے والدین اور حاملہ خواتین کو ترغیب دی جاتی ہے تاکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔نگران وزیر آصف رفیق نے عوام کو صحت مند اشیاء خوردونوش کی فراہمی ممکن بنانے کی غرض سے محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کی صوبہ میں مضر صحت اشیاء خوردونوش کی بروقت تلفی اور اس کے خلاف قانونی کارروائیوں کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے متوازن غذا کی اہمیت اجاگر کرنے اور آگہی کو فروغ دینے پر نیوٹریشن انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہا۔