میونسپل آفیسر کے درمیان تنازعہ تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کمیشن کے ذریعے انکوائری کرانے کا حکم

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر بلدیات و آبنوشی انجینئر عامر درانی نے تحصیل ناظم متھرا اور ریجنل میونسپل آفیسر کے درمیان تنازعہ کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کمیشن کے زریعے انکوائری کرانے کا حکم دیدیا ہے۔یہ احکامات انہوں نے جمعرات کے روز بلدیات کمیٹی روم میں تحصیل ناظم متھرا اور آرایم او کے مابین تلخ کلامی اور تنازعے کی تحقیقات کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تحصیل ناظم متھرا انعام اللہ خان اور ریجینل میونسپل آفیسر کے درمیان فنڈز کی تقسیم اور لوئر سٹاف کی حوالگی کے سلسلے میں تنازعہ پیدا ہوا جسکے نتیجے میں انکے درمیان نا خوشگوار واقعہ ہوا۔تحصیل چیئر مین نے فنڈز کی عدم دستیابی اور انکی غیر منصفانہ تقسیم اور خوشحال باغ سے کلاس فور ملازمین کی تحصیل چیئرمین آفس حوالگی کے حوالے سے شکایت کی۔تحصیل ناظم کا موقف تھا کہ تحصیل متھرا کی آمدنی انکو نہیں مل رہی جو کہ انکا حق ہے جبکہ سٹاف کی تنخواہیں بھی وہ وہی سے دی جا رہی تھی۔تحصیل ناظم نے خوشحال باغ سے چودہ میں سے چھ ملازمین کی تحصیل ناظم آفس حوالگی کا مطالبہ کیا تھا جس سے آر ایم او اور انکے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی۔اس موقع پر نگران وزیر نے بلدیات کمیشن حکام کو معاملے کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کرانے اور اگلے اجلاس میں رپورٹ جمع کرانیکی ہدایت کردی۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات داود خان،سپیشل سیکرٹری بلدیات محمد مسعود،سابق سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حفظ الرحمان اور محکمہ خزانہ اور قانون کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں