امراض قلب میں مبتلا نادار اور غریب بچوں کا علاج اب مفت ہوگا،ترجمان پی آئی سی

پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور قطر چیرٹی پاکستان ادارے کی مشترکہ کاوش سے بے سہارا اور نادار بچوں کے لیے زندگی اور امید کرن پیدا ہوگئی۔ترجمان رفعت انجم کے مطابق پی آئی سی کے چیف ایگزیکٹیو اور میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر شاہکار احمد شاہ اور قطر چیریٹی کے نمائندے سجاد خان نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر لیے۔معاہدے کے تحت امراض قلب میں مبتلا 150 سے زائد بچوں کے علاج کے لیے قطر چیریٹی پاکستان مالی معاونت فراہم کرے گا۔ مالی معاونت کا منصوبہ ابتدائی طور پر 4 ماہ کے لیے ہوگا جس کی بعد میں توسیع کی جائے گی۔ قطر چیرٹی کی جانب سے دی جانے والی مالی معاونت کے حوالے سے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے پیڈ کارڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین کا کہنا تھا کہ یہ امداد نادار اور غریب بچوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوگی۔مالی معاونت سے دل میں سوراخ اور اوپن ہارٹ سرجری والے بچوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ قطر چیرٹی پاکستان اور قطر کے عوام کے شکر گزار ہیں جو ان نادار بچوں کا سہارا بنے۔
پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سی ای او اور میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ کا کہنا تھا کہ پی آئی سی بہترین علاج معالجے کی سہولیات اور خدمات کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر مقبولیت اور پذیرائی حاصل کر رہا ہے جس کے باعث انٹرنیشنل اداروں کا اعتماد بڑھا ہے جو ہسپتال کے تمام عملے کے لیے فخر کی بات ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی آئی سی میں امراض قلب کے ہر مریض اور خصوصا بچوں کو ہر ممکن اور اعلٰی معیار کے علاج معالجے کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
یاد رہے کہ پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں امراض قلب میں مبتلا بچوں کے لیے کارڈیالوجی اور کارڈیک سرجری کے اسٹیٹ آف دی آرٹ شعبے اور بہترین انٹرنیشنل کوالیفائیڈ ڈاکٹروں کی ٹیم موجود ہے۔

مزید پڑھیں