معاون خصوصی کی زیر صدارت اکنامک زونز کے حوالے سے اجلاس، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاروں کیلئے اقدامات کی ہدایت

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر کی زیر صدارت منگل کے روز خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے حوالے سے پہلا تعارفی اجلاس کمپنی کے مرکزی دفتر حیات آباد پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبے میں صنعتکاری کیلئے کئے جانے والے اقدامات،کمپنی کی کارکردگی اور آئندہ کیلئے اہداف پر معاون خصوصی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جاوید اقبال خٹک کے علاؤہ متعلقہ شعبوں کے منیجرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ اس وقت صوبے میں 10 اکنامک زونز اور 2 سپیشل اکنامک زونز قائم ہیں جبکہ 4 نئے اکنامک زونز اور1 سپیشل اکنامک زونز کا قیام زیر غور ہے۔انکو مزید بتایا گیا کہ غازی اکنامک زون کا قیام مکمل ہوگیا ہے جبکہ مانسہرہ اکنامک زون تکمیل کیلئے بلکل تیار ہے۔ان کو بتایا گیا کہ حطار اکنامک زون میں کمرشل بنیادوں پر رہائشی اپارٹمنٹس بنائے جارہے ہیں جبکہ حطار سپیشل اکنامک زون کو بجلی فراہم کی گئی ہے۔معاون خصوصی کو بتایا گیا گدون میں کمرشل ایریا ڈویلپ کیا جارہا ہے جبکہ سی پیک کے تحت صوبے میں قائم سپیشل اکنامک زون رشکئی میں اب تک 19 یونٹس کی الاٹمنٹ ہو چکی ہے۔اسی طرح نوشہرہ اکنامک زون کی توسیع کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے جبکہ ایکسپورٹ کے حوالے سے سیالکوٹ کے بعد پورے ملک میں ایکسپورٹ پروموشن زون رسالپور کی کارکردگی میں بہتر آرہی ہے اور یہاں پر پوری دنیا میں ماچس کی تیلیاں بنانے والا سب سے بڑا پلانٹ قائم کیا گیا ہے۔اسی طرح چترال اکنامک زون کا تعمیراتی کام بھی مکمل ہے جبکہ ماربل سٹی بونیر کا تعمیراتی کام شروع کرنے کیلئے اراضی کی مکمل حوالگی تاحال باقی ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مہمند اکنامک زون میں 13 یونٹس چالو ہوئے ہیں جبکہ 22 زیر تعمیر ہیں۔اس موقع پر معاون خصوصی کو کمپنی کی جانب سے ڈیجیٹائزیشن کی جانب منتقلی کے سلسلے میں حاصل کئے گے اہداف اور کامیابیوں پر بھی آگاہ کیا گیا اور انکو بتایا گیا کہ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے زیادہ تر امور کو آن لائن بنا دیا گیا ہے۔اس موقع پر معاون خصوصی نے ہدایت کی کہ صوبے میں صنعتی ترقی اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔۔انھوں نے کہا کہ صنعتی زونز میں بجلی اور گیس سے متعلق مسائل کے ازالے کیلئے کوششیں کی جائیں اوراس سلسلے میں جو مسائل وفاقی محکموں کیساتھ جڑے ہیں ان کے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انھوں نے ہدایت کی کہ کمپنی منیجرز مختلف صنعتی زونز میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے ان کی مارکیٹنگ کریں جبکہ چترال اکنامک زون کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے وہاں پر مقامی چھوٹے پن بجلی گھروں کے اداروں سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ کرک سالٹ اینڈ جپسم سٹی کے کمرشل ایریا کو مختلف بزنس ماڈلز کو مد نظر رکھتے ہوئے مفید ماڈل کے تحت زیر کام لا یا جائے۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ کمپنی معاشی سرگرمیوں اور آمدن بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

مزید پڑھیں