خیبر پختونخوا کے وزیر برائے بلدیات،دیہی ترقی و الیکشن ارشد ایوب خان کی زیر صدارت اربن ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بورڈ کا ساتواں اجلاس منگل کے روز محکمہ بلدیات کے کمیٹی روم پشاورمیں منعقد ہوا۔جس میں ا راکین صوبائی اسمبلی اکبر ایوب خان اور افتخار مشوانی سمیت سیکرٹری بلدیات داؤد خان،منیجنگ ڈائریکٹر یوڈا رشید خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ہری پور،ایبٹ آباد،مردان اور ڈی آئی خان میں یوڈا اتھارٹی کے انتظامی ومالیاتی اور دیگرمسائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ حکام نے یوڈا ہری پور کیلئے 50 ملین روپے سے لیکر 120ملین گرانٹ کی منظوری سمیت سٹاف کی تقرری،اراضی کی خریداری،کھلا بٹ،خان پور اور کانگڑہ ٹاون شپ کے انتظامی اختیارات کا تفصیلی جائزہ لیا۔حکام نے ایبٹ آباد یوڈا ٹاون شپ سکیم کے حوالے سے صوبائی وزیر کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایبٹ آباد ٹاون شپ 1600کنال اور 2200پلاٹ پر مشتمل ہے لیکن اندرونی سڑکوں اور انفراسٹکچر کا نظام غیر تسلی بخش ہے اور فنڈز کی کمی کا بھی سامنا ہے۔حکام نے مردان ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بارے میں صوبائی وزیر کو آگاہ کیاکہ 5000کنال پر مشتمل شیخ ملتون ٹاون شپ میں 3000کنال رہائشی جبکہ 154کنال کمرشل پلاٹس ہیں۔حکام نے رشکئی کے مقام پر 41 کنال پلاٹ کی نیلامی، UADA ایکٹ 2020 اور فنانشل پاورز رولز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔شرکائے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے مردان ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارگردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی یوڈا دو ہفتوں کے اندر ہری پور اور ایبٹ آباد ایریا اتھارٹی کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کرے اور انکو آپریشنل بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ خود بھی عنقریب ہری پور،ایبٹ آباد اور مردان ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کا دورہ کریں گے انہوں نے ایبٹ آباد ٹاون شپ سکیم کو ترجیحاتی بنیادوں پر مکمل کرنے اور فنڈز مہیا کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر اس ضمن میں قائم ہونیوالی کمیٹیوں کو جلد از جلد حتمی شکل دینے،ان میں متعلقہ اراکین اسمبلی کو نمائندگی دینے کے ساتھ ان کے باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے کی بھی تاکید کی صوبائی وزیر نے مردان میں 41 کنال پر مشتمل پلاٹ کی نیلامی کے طریقہ کار میں نہایت شفافیت کے لیئے محکمہ اینٹی کرپشن اور میڈیا کے نمائندوں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔