وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی، ملک لیاقت علی خان نے صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کے ساتھ سے صوبائی پاپولیشن ٹاسک فورس کے حوالے سے پشاورمیں ایک اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کا مقصد صوبائی پاپولیشن ٹاسک فورس کے حوالے سے مشاورت اور صوبے میں بہبود آبادی کے مسائل اور چیلنجز پر غور وفکر کرنا تھا۔ اجلاس میں ڈاکٹر سلیم ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت، معتصم باللہ سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی، عائشہ احسان ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی اور دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران، ملک لیاقت علی خان نے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ سے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق، فیملی ویلفیئر سینٹرز (FWC) کو پرائیوٹ سنٹرز کی بجائے جلد از جلد بنیادی مراکز صحت (BHUs)اور دیہی مراکز (RHCs) میں منتقل کیا جائے۔ ملک لیاقت علی خان نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدام عوام کو بہتر اور زیادہ قابل رسائی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے اس بات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ صحت ہر ممکن اقدامات کرے گا تاکہ اس منتقلی کا عمل جلد از جلد مکمل ہو سکے۔ وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت دی کہ (FWCs) کو(BHUs) اور (RHCs) میں ایک ہفتے کے اندر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے ادارے ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام کو اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کی جائیں۔اجلاس کے دوران، ملک لیاقت علی خان نے محکمہ بہبود آبادی کی موجودہ صورتحال، درپیش مسائل، اور ان کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی گفتگو بھی کی۔ انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کے مختلف مسائل اور چیلنجز کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے محکمہ بہبود آبادی کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ کمیونٹیز میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ محکمہ بہبود آبادی کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنے فرائض بہتر طریقے سے انجام دے سکیں اور عوام کی بہتر طور پر خدمت کر سکیں۔