وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے فنکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ اصلاح معاشرہ کیلئے سبق آموز فیچر اور دستاویزی فلمیں بنائیں تو انکی قدر ومنزلت میں اضافہ ہوگا جبکہ صوبائی حکومت باصلاحیت اداکاروں کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ وہ اپنے دفتر پشاور میں سینئر فنکاروں کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار عشرت عباس کی معیت میں ان سے ملاقات کی اور انہیں صوبہ کی فنکار برادری کے بعض مسائل و مطالبات سے آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت اور ڈائریکٹر کلچر اجمل خان بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ فنکاروں میں جاوید بابر، احمد سجاد بفہ وال، ذوالفقار قریشی اور دیگر سینئر اداکار شامل تھے۔ مشیر ثقافت نے فنکاروں کی مالی امداد کیلئے انڈومں نٹ فنڈ کے مطالبے سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اس فنڈ کا قیام ہم فنکاروں کا حق سمجھتے ہیں اور اگلے دو ہفتوں میں صوبائی اسمبلی سے منظوری کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی فعال قیادت میں صوبے میں سیاحت و ثقافت کی ترقی کے ساتھ ساتھ ان سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ انکی تخلیقی صلاحیتیں شک و شبہ سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے الحمرا آرٹس کونسل کی طرز پر حکومتی سرپرستی میں خیبرپختونخوا آرٹس کونسل کے قیام، نشتر ہال میں فنکاروں کی بیٹھک کیلئے الگ کمرے کی فراہمی، نشتر ہال کے پروگراموں کی بکنگ میں فنکاروں کو پچاس فیصد رعایت دینے اور سرکاری ملازمین کی طرز پر فنکاروں کیلئے سن کوٹہ متعارف کرنے کے مطالبات کا مناسب سطح پر جائزہ لینے کا یقین دلایا نیز صدارتی ایوارڈز کیلئے نامزدگیوں میں فنکار برادری کو نمائندگی دینے سے بھی اصولی اتفاق کیا۔ وفد نے انکی معروضات توجہ سے سننے اور انکے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کا دلی شکریہ ادا کیا اور صوبائی حکومت کی عوام دوست ترقیاتی پالیسیوں پر عملدرآمد میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔