خیبر پختونخوا: وزیر زراعت کا زرعی اراضیات کی حفاظت کے لئے اقدامات کیلئے اطلاع دینے کا فریضہ

خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت محمد سجاد نے کہا ہے کہ صوبے میں زرعی مقاصد کیلئے پانی کا منظم استعمال انتہائی ضروری ہے اور اس سلسلے میں محکمہ زراعت کا شعبہ سائل اینڈ واٹر کنزرویشن موثر اقدامات اٹھائے۔ انھوں نے کہا کہ زرعی اراضیات پر ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قیام سے ہماری زراعت کو لاحق خطرات کے پیش نظر کوششیں کی جائیں گی تاکہ غیر قانونی تعمیرات کا راستہ روکا جا سکے۔انھوں نے ہدایت کی کہ موسمی تغیرات کی وجہ سے پانی کی قلت کے خطرات سے نبرد آزما ہونے کیلئے اس کے صحیح استعمال کیلئے منصوبہ بندی کی جائے تاکہ اس کا ضیاع روک کر اسے زراعت کی ترقی کیلئے بہتر انداز میں استعمال میں لایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کے روز پشاور میں سائل اینڈ واٹر کنزرویشن کے مرکزی دفتر کا دورہ کرنے کے موقع پر محکمہ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔بریفنگ میں رکن صوبائی اسمبلی خورشید خٹک نے بھی شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل محمد یاسین وزیر نے صوبائی وزیر کو اس موقع پر محکمہ کے ترقیاتی منصوبوں اور صوبے میں پانی اور زرعی اراضیات کے بچاؤ کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ان کو بتایا گیا کہ محکمہ کا مذکورہ شعبہ صوبہ میں زرعی مقصد کیلئے بارانی اور دیگر ذرائع کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور منظم استعمال میں لانے کیلئے مختلف سرگرمیاں سر انجام دے رہا ہے جبکہ زرعی اراضیات کی حفاظت اور لیولنگ کیلئے بھی اقدامات اٹھاتا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی منصوبہ بندی کیلئے زرعی اراضیات کی حفاظت انتہائی ضروری ہے اور اس سلسلے میں کل وقتی اقدامات نا گزیر ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ ایک مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دے تاکہ وہ صوبہ میں زرعی اراضیات کے بچاؤ کی نگرانی کرے جبکہ وہ ذاتی طور پر بھی اس کی مانیٹرنگ کریں گے۔انھوں نے محکمہ کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ زرعی ترقی کیلئے بہترین منصوبے سامنے لائے تاکہ ان پر عمل کرکے زرعی خودکفالت میں مدد مل سکے۔

مزید پڑھیں