انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز حیات آباد میں ایمرجنسی اور بچوں کے لیے پتھری نکالنے کی نئی سہولیات کا افتتاح

انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز حیات آباد پشاور میں پیر کے روز تین نئی طبی سہولیات کا افتتاح کیا گیا، جن میں ایمرجنسی سروس کو 24 گھنٹے فعال بنانا، اور دو جدید تشخیصی و علاجی سہولیات شامل ہیں۔مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے ان سہولیات کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد کامران خان، سینئر ڈاکٹرز اور انتظامی عملہ بھی موجود تھا۔نئی شروع کی گئی سہولیات میں 24/7 ایمرجنسی سروسز، مائیکروبائیولوجی ڈیپارٹمنٹ میں بیکٹیریا کلچر ٹیسٹ کی سہولت، اور بچوں کے لیے لیزر کے ذریعے گردے کی پتھری نکالنے کا علاج شامل ہے۔ بچوں کے لیے لیزر کے ذریعے گردے کی پتھری نکالنے کی یہ سہولت خیبر پختونخوا میں پہلی بار متعارف کرائی گئی ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیززنے مشیر صحت کو ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ احتشام علی نے انسٹیٹیوٹ کی ٹیم کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ادارہ گردے اور اس متعلقہ بیماریوں کے علاج میں معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف ضلعی سطح پرہسپتالوں کے ڈھانچے کو مضبوط کیا جا رہا ہے بلکہ وہاں جدید سہولیات بھی متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو بہتر اور یکساں طبی سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز میں نئی سہولیات سے عوام کو مزید بہتر طبی خدمات حاصل ہوں گی اور ادارے کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔مشیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت صحت کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ہر شہری کو معیاری علاج کی سہولت میسر آ سکے۔

مزید پڑھیں