خیبر پختونخوا کے وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خلیق الرحمن نے رکن صوبائی اسمبلی اشفاق خان کے ہمرہ نوشہرہ پبی کے عوام کے لیے بی آر ٹی بس سروس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر متعلقہ افسران اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔ افتتاح کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر ایکسائز خلیق الرحمن نے کہا کہ پبی نوشہرہ کے عوام کو آمدورفت کی سہولیات دینے اور ان کی سفری مشکلات کو کم کرنے کے لئے حکومت خیبر پختونخوا کا پشاور سے پبی تک بی آر ٹی بس چلانے کا اقدام ایک بہت اہم فیصلہ اور ضلع نوشہرہ کے لوگوں کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی بس سروس کے ذریعے سینکڑوں لوگ روزانہ کی بنیاد پر پشاور سے پبی اور پبی سے پشاور ایک انتہائی ارام دہ اور پرسکون طور پر محفوظ سفر کی سہولت سے مستفید ہونگے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ وہ دن رات اپنے حلقے کے عوام کی خدمت کے لیے کوشاں ہیں اور محدود وسائل کے باوجود اس طرح کے مزید منصوبوں کا آغاز کرنے کے لئے ان کے بھر پور اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے مذکورہ منصوبے کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس کی بدولت ضلع نوشہرہ کے عوام بہتر سہولت سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کی مکمل کوشش کریں گے۔