عیدالاضحیٰ کے موقع پر جانوروں میں متعدی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اہم فیصلے

عیدالاضحیٰ تک تمام متعلقہ وٹرنری سٹاف کی چھٹیاں فوری منسوخ، حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

صوبائی و ضلعی سرحدوں اور جانوروں کی منڈیوں کے قریب چیک پوسٹس قائم کی جائیں

صوبائی وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیرِ صدارت جانوروں کی نقل و حرکت اور ان میں پھیلانے والی بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی سطان روم خان، سیکرٹری لائیو سٹاک فیشریز و کوآپریٹیو طاہر اورکزئی، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک توسیع ڈاکٹر اصل خان، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ریسرچ ڈاکٹر اعجاز علی، ڈائریکٹر ریسرچ خسروکلیم سمیت محکمہ لائیو اسٹاک، فیشریز و کوآپریٹیو کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر جانوروں میں متعدی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے ہدایت جاری کی کہ عیدالاضحیٰ تک تمام متعلقہ وٹرنری اسٹاف کی چھٹیاں فوری منسوخ کی جائیں۔ جبکہ تمام ضلعی افسران اور عملہ کو عید تک فیلڈ میں متعین رہنے اور احتیاطی تدابیر یقینی بنانے کا پابند بنایا جائے۔ بین الصوبائی، بین الاضلاعی سرحدوں اور جانوروں کی منڈیوں کے قریب چیک پوسٹس قائم کی جائیں جہاں جانوروں کی نقل و حرکت پر سخت نگرانی کے ساتھ ساتھ ان جانوروں جراثم کش سپرے کو یقینی بنایاجائے تاکہ کسی قسم کے وائرس یا بیماری کو پھیلانے سے روکا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ، جانوروں کی کثیر تعداد والے علاقوں اور منڈیوں میں وٹرنری کیمپس لگا کر بیماریوں کی بروقت تشخیص، علاج اور ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک فضل حکیم نے ہدایت کی کہ ڈویژنل کمشنر اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے کو محکمہ لا ئیو سٹاک سے تعاون کیلئے خطوط ارسال کریں۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک فضل حکیم نے اجلاس میں زور دیا کہ عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی بڑے پیمانے پر منتقلی سے وبائی امراضِ کے پھیلنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ ہماری حکومت عوامی صحت کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ بیماریوں کی روک تھام کے لیے اضافی اقدامات میں عوامی آگاہی مہم، صفائی کے انتظامات کی بہتری، اور مشتبہ کیسز کی فوری رپورٹنگ شامل ہیں اور تمام اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی نگرانی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں