صوبائی وزیر لائیوسٹاک، فیشریز و کوآپریٹو فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ لائیو سٹاک، فیشریز و کوآپریٹیو میں گڈ گورننس روڈ میپ پر عملدرآمد کے حوالے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ کی کارکردگی اور گڈ گورننس روڈ میپ پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لائیوسٹاک، فشریز و کوآپریٹو طاہر خان اورکزئی، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک توسیع ڈاکٹر اصل خان اور ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضم شدہ اضلاع ڈاکٹر وحید اللہ وزیر نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ لائیوسٹاک کی سروس ڈلیوری، ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے دورے اور چیف سیکرٹری آفس کی ٹیم کے فیلڈ وزٹس سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر لائیوسٹاک فضل حکیم خان یوسفزئی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام ضلعی ڈائریکٹرز لائیوسٹاک کا اجلاس بلایا جائے تاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں گڈ گورننس روڈ میپ اور سروس ڈلیوری کے حوالے سے جامع اور مؤثر حکمت عملی تیار کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور محکمے کی کارکردگی میں مزید شفافیت اور بہتری لانا ہے۔ وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گڈ گورننس کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ عوام تک خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔