خیبر پختونخوا کے وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے گزشتہ روز ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا اور ریسکیو کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔دورے کا آغاز صوبائی وزیر نے ریسکیو 1122 کی شہداء کی یادگار سے کیا اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے پراونشل مانیٹرنگ سیل کا معائنہ کیا، جہاں کیمروں اور نقشہ جات کے ذریعے صوبے میں جاری مانیٹرنگ سسٹم اورسٹیشنز کی آپریشنل صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ عاقب اللہ خان نے ریسکیو 1122 کے مختلف اسٹالز کا بھی معائنہ کیا جن میں ایمرجنسی آپریشنز میں استعمال ہونے والے جدید آلات، ایمبولینسز اور خصوصی ایکوپمنٹ شامل تھے۔ اہلکاروں نے ریسکیو آپریشنز اور میڈیکل ایمرجنسی سروسز کی عملی مشق بھی دکھائی۔ اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل ریسکیو 1122 نے ادارے کی کارکردگی، درپیش چیلنجز، خدمات اورجاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے ریسکیو1122 اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ ریسکیو 1122 انسانی جانوں کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں فوری ریسپانس کے حوالے سے صوبے کا قابلِ فخر ادارہ ہے۔ انہوں نے اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کے درپیش مسائل کے فوری حل پر بھی زور دیا تاکہ ایمرجنسی سروسز مؤثر اور اہلکاروں کے لیے پر سکون ماحول میں فراہم کی جاسکیں۔ عاقب اللہ خان نے کہا کہ اصلاحی ایجنڈے کے تحت “باور” کے نام سے عوامی فیڈ بیک پر مشتمل سفارشات ترتیب دی جائیں جس میں بھرتی میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے، آزاد ذرائع سے غیر جانبدارعوامی رائے اور عوامی مشاورتی عمل کے ذریعے ریسکیو ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، سفارشی کلچر کے خاتمے اور ریسکیو اہلکاروں کی فلا ح و بہبود کے لیے سفارشات،خدوخال اور اصلاحات سے متعلق جلد سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ ریسکیو1122 ہیڈکوارٹر افسران اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی جائے تاکہ ریسکیو 1122 عوام کے لیے ایک مؤثر، شفاف اور معیاری ادارہ بن سکے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار وں کے لیے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں اور وہ بلا جھجک آکر مجھے مشورے، قیمتی آراء اور شکایات سے آگاہ کر سکتے ہیں، تاکہ ادارے کی کارکردگی اور خدمات میں مزید بہتری لائی جاسکے۔ دورے کے اختتام پر صوبائی وزیر نے ریسکیو اہلکاروں کے جذبے اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ اہلکار عوام کے حقیقی محافظ ہیں جو اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی زندگی بچاتے ہیں۔
