وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں ہونے والے خیبرپختونخوا امن جرگے کا انعقاد صوبائی حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے،وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور سپیکر بابر سلیم سواتی اس کامیاب جرگے کے انعقاد پر خراج تحسین کے مستحق ہیں اور امید ہے کہ جرگہ میں پیش کردہ دتجاویز امن کے قیام کے لئے سنگ میل ثابت ہوں گی۔وزیر اعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے جرگہ کے انعقاد کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس امن جرگہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمدسہیل آفریدی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی،سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد سمیت سابق گورنرز، وزرائے اعلیٰ، قبائلی مشران اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ صوبائی و قومی میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی اور قیام امن کے حوالے سے اپنی اپنی قیمتی تجاویز پیش کیں۔ شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا امن جرگے کے حوالے سے آج کے دن کو سنہری حروف سے لکھا جائے گا اور یہ دن خیبرپختونخوا کی تاریخ کا یادگار دن ہے۔انہوں نے بتایا کہ امن جرگے میں باہمی اتفاق رائے سے 15 نکات پر مشتمل سفارشات منظور کی گئی ہیں اورخیبرپختونخوا حکومت انہی نکات کی روشنی میں فیصلے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ڈرافٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج امن و امان کاہے۔ خیبر،کاٹلنگ، باجوڑ اور دیگر علاقوں کے واقعات ہمارے سامنے ہیں، انہی حالات کے پیش نظر صوبے کی تاریخ کا ایک گرینڈ امن جرگہ بلایا گیا، جس کا مقصد تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا تھا۔معاون خصوصی نے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا امن جرگہ کی صورت میں صوبائی حکومت کی یہ کاوش پائیدار امن کے قیام میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امن کا مسئلہ ہم سب کا مسئلہ اورپاکستان تحریک انصاف کو عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے وہ اس پر پورا اترے گی اور عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں پائدار امن یقینی بنایا جائے گا۔
