مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند اپر چترال میں پولو کھلاڑیوں کے درمیان تقد رقم تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ ان کے ہمراہ سیکریٹری کھیل خیبرپختونخواہ محمد آصف، ڈائریکٹر جنرل کھیل خیبرپختونخواہ تاشفین حیدر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر چترال کے چون پولو کھلاڑیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے نقد انعامات کے چیک تقسیم کئے گئے۔ اپر چترال پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے مشیر کھیل اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر چترال لیویز کے چاق و چوبند دستے نے مہمانانِ گرامی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔مشیر برائے کھیل اور سیکریٹری کھیل کے دورے کا مقصد گزشتہ سال شندور پولو ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اپر چترال کے پولو کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان میں انعامات تقسیم کرنا تھا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال کے آفس لان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ضلع میں کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر صدر پاکستان تحریک انصاف اپر چترال جناب سکندر الملک نے ایڈوائزر برائے کھیل کو اپر چترال میں پولو گراؤنڈز کی خستہ حالی، ان کی مرمت و بحالی، نئے اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر اور پولو گراؤنڈز کی حفاظت کے لیے چوکیداروں کی تعیناتی سے متعلق تفصیلی سپاسنامہ پیش کیا۔
مشیر برائے کھیل تاج محمد خان ترند نے اپر چترال میں پولو گراؤنڈز کی مرمت، آرائش و زیبائش، ریشن پولو گراؤنڈ میں پانی کی فراہمی، تحصیل سطح پر نئے پولو گراؤنڈز کی تعمیر کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں قاقلشٹ فیسٹیول کو باضابطہ طور پر اپنا کر آئندہ اسے محکمہ کھیل کے تحت منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔انہوں نے پیرا گلائیڈنگ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب سے سیکریٹری کھیل خیبرپختونخواہ نے بھی خطاب کیا اور ضلع بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور حکومتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر مشیر برائے کھیل اور دیگر معزز مہمانوں نے چترال بی ٹیم، چترال سی ٹیم، چترال ڈی ٹیم، سب ڈویژن مستوج پولو ٹیم، لاسپور اے ٹیم اور لاسپور بی ٹیم کے پولو کھلاڑیوں میں فی کس پانچ، پانچ لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔
