پشاور میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی بڑی کارروائی،ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کرنے والا گودام سیل، 1000 کلوگرام مضرِ صحت اشیاء ضبط

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری، مضر صحت اور جعلی اشیائے خوردونوش کیخلاف کاروائیاں جاری رکھتے ہوئے گزشتہ رو پشاور میں ایک بڑی کارروائی کے دوران ایک گودام کو سیل کر دیا ہے جہاں مختلف غذائی اشیاء کی ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کی جا رہی تھی۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن پشاور ڈویژن ذیشان محسود کی سربراہی میں رنگ روڈ کبوتر چوک کے قریب عمل میں لائی گئی۔معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ گودام میں مبینہ طور پر ایکسپائرڈ جیلی، لالی پاپس، بسکٹس، ٹافیاں اور چیونگ گمز کی تاریخِ تنسیخ تبدیل کی جا رہی تھی، جو عوامی صحت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
کارروائی کے دوران تقریباً 1000 کلوگرام ایکسپائرڈ اور تاریخ تبدیل شدہ غذائی اشیاء ضبط کر لی گئیں۔ اس کے علاوہ ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کرنے والی مشین، ہاٹ ایئر بلوئر اور پیکجنگ میٹریل بھی موقع سے قبضے میں لے لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق فوڈ سیفٹی قوانین اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی پر یونٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے کامیاب کارروائی پر فوڈ سیفٹی ٹیم کو سراہا اور کہا کہ ایسے انسان دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جو عوام کی صحت سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

مزید پڑھیں