گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان اور مفتی محمود میموریل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان تعلیمی و تربیتی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں، جس کے تحت فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز، گومل یونیورسٹی کے طلبہ کو اب مفتی محمود میموریل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ میں انٹرنشپ کے مواقع حاصل ہوں گے۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات خیبرپختونخوا مینا خان آفریدی سمیت دیگر حکام نے خصوصی شرکت کی۔ گومل یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر نے ایم او یو پر دستخط کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبے میں معیاری اور ہنر مند طبی ورک فورس تیار کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گریجویٹس نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بہترین طبی خدمات انجام دے رہے ہیں، جو صوبے کے لیے باعثِ فخر ہے۔وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے مزید کہا کہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز سے وابستہ طلبہ کو درپیش تمام چیلنجز کو مرحلہ وار حل کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں بہتر تعلیمی، عملی تربیتی اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعات اور طبی اداروں کے درمیان اس نوعیت کے اشتراک سے طلبہ کی عملی مہارتوں میں اضافہ ہوگا اور صحت کے شعبے کو مضبوط بنیادیں فراہم ہوں گی۔تقریب کے اختتام پر وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات نے دونوں اداروں کے درمیان اس تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اشتراک صوبے میں طبی تعلیم اور صحت کی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
