خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جدوجہد آزادی میں انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی ریاض خان نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی برادری کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ نہتے کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و جبر، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزادی کی منزل حاصل کرے گا۔ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی ہر سطح پر سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے عالمی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ ریاض خان نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ہر فورم پر کشمیری عوام کی آواز بنیں گے اور ان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کل بھی ہمارا تھا، آج بھی ہمارا ہے اور ہمیشہ ہمارا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام، حکومت اور ہر ادارہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور بھارتی مظالم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔انہوں نے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کبھی بھی کشمیر پر بھارتی غاصبانہ تسلط کو تسلیم نہیں کریں گے ہماری محبت، ہمدردیاں اور دعائیں ہمیشہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں اور ہم ان کی آزادی کی جدوجہد میں ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے
