سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی خصوصی کاوشوں اور علاقائی ترقی کے وژن کے تحت ضلع مانسہرہ میں سیاحتی و تفریحی سہولیات کے فروغ کے لیے اہم منصوبہ منظور کر لیا گیا ہے۔محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے کوٹکئی ڈیم کے قریب پبلک پارکس کی تعمیر کے منصوبے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 100 ملین روپے مقرر کی گئی ہے جس کے تحت کوٹکئی ڈیم کے اطراف میں جدید طرز کے عوامی پارکس تعمیر کیے جائیں گے۔منصوبے کے تحت عوام کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے واکنک ٹریک، بیٹھنے اور نظارے کے مقامات، پارکنگ کی سہولت، رسائی سڑکیں، سینیٹیشن کی سہولیات اور سولر لائٹنگ سمیت دیگر بنیادی انتظامات فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ منصوبے میں عوامی تحفظ اور پارک کی بہتری کے لیے باؤنڈری وال اور دیگر ضروری اقدامات بھی شامل ہوں گے۔اس منصوبے کا مقصد نہ صرف مقامی آبادی کو صحت مند اور معیاری تفریحی ماحول فراہم کرنا ہے بلکہ اس سے علاقے میں سیاحت کے فروغ اور مقامی معیشت کی بہتری میں بھی مدد ملے گی۔علاقہ کےعوام نے اس اہم منصوبے کی منظوری پر سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے سے ضلع مانسہرہ میں سیاحت اور عوامی سہولیات کو مزید فروغ ملےگا۔
