قائد عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کے وژن کے مطابق ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز پاکستان کے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے بونیر میں احساس شجر کاری مہم کے تحت پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ریاض خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شجرکاری ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف ماحول کو بہتر بناتا ہے بلکہ یہ ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔ انہوں نے بونیر کے پی ٹی آئی ورکرز، عوام، بالخصوص نوجوانوں اور سماجی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے حصے کا کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر فرد کا لگایا گیا ایک پودا پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ریاض خان نے کہا کہ یہ وقت بیدار ہونے کا ہے، اپنی زمین اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا ہے۔ پاکستان صرف ایک ملک نہیں بلکہ ہماری پہچان اور ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”کلین اینڈ گرین پاکستان” عمران خان کا وہ خواب ہے جسے حقیقت کا روپ دینے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ایک ایسا پاکستان تشکیل دیا جا سکے جہاں ہر طرف ہریالی، تازگی اور زندگی ہو۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج ہی ایک درخت لگائیں اور اسے خیبرپختونخوا حکومت کی متعلقہ ایپ پر رجسٹر کریں تاکہ یہ عمل ایک قومی تحریک کا حصہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک پودا نہیں بلکہ ہماری محبت، ہماری ذمہ داری اور ہماری پہچان ہے۔ آج اٹھایا گیا ایک چھوٹا قدم کل ہماری آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی بنیاد بنے گا۔ یاد رہے کہ یہ مہم قائد عمران خان کے کلین اینڈ گرین پاکستان وژن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی خصوصی ہدایت پر یوم پاکستان 23 مارچ کے موقع پر ایک تاریخی اور ریکارڈ شجرکاری اقدام کے طور پر شروع کی گئی ہے۔
