خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ، الیکشن اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس پیر کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین قائمہ کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی عبدالکبیر خان نے کی۔ اجلاس میں ممبران قائمہ کمیٹی اور اراکین اسمبلی سریش کمار، عسکر پرویز لال بہاری گوپال سنگھ، محترمہ ثوبیہ شاہد، محترمہ فرزانہ شیرین اور محترمہ شازیہ طماس کے علاوہ سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، محکمہ قانون، اور صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں دو اہم مسودہ قوانین،“ہندو میرج خیبر پختونخوا بل2026”اور“خیبر پختونخوا کالاش میرج بل 2026”کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اراکین کمیٹی نے دونوں بلوں کے مختلف قانونی، سماجی، مذہبی اور انتظامی پہلوؤں پر اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں۔ کمیٹی نے اس امر پر زور دیا کہ مجوزہ قوانین متعلقہ برادریوں کے مذہبی عقائد، روایات اور بنیادی حقوق سے ہم آہنگ ہونے چاہییں تاکہ تمام طبقات کے تحفظات کو دور کیا جا سکے۔ہندو میرج بل 2026 پر بحث کے دوران اراکین کمیٹی اس بات پر متفق ہوئے کہ بل کی بعض شقوں میں ترمیم ایک اہم معاملہ ہے، کیونکہ ہندو برادری کے اندر مختلف فرقے اور روایات پائی جاتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وہ تمام متعلقہ طبقات سے مشاورت کے بعد اپنی سفارشات مرتب کرے۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بل میں ضروری ترامیم کی جائیں گی تاکہ یہ قانون ہندو برادری کے تمام طبقات کے لیے قابل قبول ہو۔اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا کالاش میرج بل 2026 پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اراکین نے فیصلہ کیا کہ کالاش میرج بل 2026 پر مزید غور خوض کمیٹی اگلے اجلاس میں کرے گیاجلاس کے اختتام پر چیئرمین قائمہ کمیٹی عبدالکبیر خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ زیرِ غور بلوں پر اراکین کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات اور تجاویز کی روشنی میں آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ ایسے قوانین مرتب کیے جا سکیں جو متعلقہ برادریوں کے حقوق، روایات اور سماجی تقاضوں کے مطابق ہوں۔
