وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کےمعاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار کی زیر صدارت خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے حوالے سے ایک تعارفی اجلاس پشاور میں منعقد ہوا

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کےمعاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار کی زیر صدارت خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے حوالے سے ایک تعارفی اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک شاہ محمود، ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عامر حسن، ڈائریکٹر آپریشنز محمد یوسف، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عبد الستار شاہ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران معاون خصوصی کو خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے مینڈیٹ، تنظیمی ڈھانچے، فیلڈ آپریشنز، فوڈ سیفٹی اقدامات اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں صوبہ بھر میں خوراک کے کاروباروں کی رجسٹریشن، لائسنسنگ، معائنہ جاتی سرگرمیوں، انفورسمنٹ، عوامی آگاہی مہمات و تربیت، موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور جدید صوبائی فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔مزید برآں، معاون خصوصی کو ادارے میں جاری ڈیجیٹلائزیشن اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا، جن کے تحت رجسٹریشن، لائسنسنگ، انسپیکشن، سیمپلنگ اور دیگر انتظامی و آپریشنل امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا گیا تاکہ شفافیت، سہولت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں عوام کو محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی صحت کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ غذائی تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے اور صوبے بھر میں فوڈ سیفٹی قوانین کے سخت نفاذ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ڈاکٹر محمد اسرار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی، خوراک سے وابستہ بیماریوں کی روک تھام اور فوڈ بزنسز میں معیار و ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے حکومت اور فوڈ اتھارٹی مشترکہ طور پر بھرپور اقدامات جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں