صوبائی حکومت لائیوسٹاک، فشریز اور کوآپریٹو کے شعبوں میں شفافیت، احتساب اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، جبکہ ان شعبوں کی ترقی کے ذریعے دیہی معیشت کو بھی مزید مستحکم بنایا جائے گا۔محمد خورشید خٹک

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخو ا کے معاونِ خصوصی برائے لائیوسٹاک، فشریز و کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ محمد خورشید خٹک نے وارسک روڈ پر واقع محکمہ لائیوسٹاک، فشریز و کوآپریٹو کے سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ جہاں سیکرٹری لائیوسٹاک اور محکمے کے سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران معاونِ خصوصی نے نو قائم شدہ لائیوسٹاک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (LMIS) کا معائنہ کیا اور محکمہ میں جاری ڈیجیٹلائزیشن اقدامات پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ انہیں محکمے کے ویژن 2031، لائیوسٹاک ٹرانسفارمیشن روڈ میپ، 11 اسٹریٹجک ستونوں، شعبے کی معاشی استعداد اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی گئی۔
سیکرٹری لائیوسٹاک نے معاونِ خصوصی کو صوبائی معیشت، روزگار کے مواقع، غذائی تحفظ اور دیہی ترقی میں لائیوسٹاک سیکٹر کے کلیدی کردار سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر حال ہی میں صوبائی کابینہ سے منظور شدہ ادویات اور ویکسینز پروکیورمنٹ فریم ورک پر بھی خصوصی بریفنگ دی گئی۔
محمد خورشید خٹک نے محکمہ کی اصلاحات، شفافیت اور ڈیجیٹل گورننس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے افسران کے ساتھ مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں لائیوسٹاک سیکٹر کے حصے میں اضافے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ وہ جلد مختلف اضلاع کے فیلڈ دورے کریں گے تاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا جا سکے۔
معاون خصوصی خورشید خٹک نے کہا کہ حکومت اور محکمہ مشترکہ طور پر لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی، کسان دوست اصلاحات اور عوامی خدمت کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، اور جدید نظام، مؤثر حکمتِ عملی اور شفاف طرزِ حکمرانی کے ذریعے شعبے کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں