مشیر زراعت میاں محمد عمر کی زیر صدارت محکمہ زراعت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر کی زیر صدارت محکمہ زراعت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت جاری اور مجوزہ نئی سکیموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور منعقد ہوا۔ ؟اجلاس میں سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان، محکمہ زراعت کے مختلف ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور جدید زرعی خدمات فراہم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔مشیر زراعت میاں محمد عمر نے ہدایت کی کہ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ماضی کی کامیاب اور مفید اسکیموں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے تاکہ ان کو موجودہ ضروریات کے مطابق دوبارہ متعارف کرایا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ کاشتکار ان سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے صوبے میں موجود بنجر اراضی کو قابلِ کاشت بنانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی پیداوار میں اضافے اور غذائی تحفظ کے حصول کے لیے غیر آباد زمینوں کو زرعی مقاصد کے لیے بروئے کار لانا ناگزیر ہے۔میاں محمد عمر نے محکمہ زراعت کی کمرشل اراضی کو بہتر اور مؤثر انداز میں استعمال میں لانے پر بھی زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے جامع منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی دستیاب وسائل اور اراضی کے بہتر استعمال سے نہ صرف ادارے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے اضافی وسائل بھی حاصل ہوں گے۔اجلاس میں محکمہ زراعت کی ترقیاتی ترجیحات، کسان دوست پالیسیوں اور زرعی شعبے کی مزید بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں