صوبائی وزیر ریونیو خیبرپختونخوا طارق محمود آریانی نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ظاهر شاہ خان اور ڈپٹی کمشنر مردان کے ہمراہ تحصیلدار آفس، سروس ڈیلیوری سنٹر مردان اور ریونیو سیکرٹریٹ مردان کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران وزیر ریونیو نے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات، ریونیو ریکارڈ اور سائلین کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف دفاتر میں موجود شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کی شکایات و تجاویز براہ راست سنیں۔اس موقع پر وزیر ریونیو طارق محمود آریانی کا کہنا تھا کہ “اگر عوامی نمائندے عوام میں رہیں گے تو عوامی مسائل سے آگاہی حاصل ہوگی، اور انہی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں گے۔” انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سرکاری دفاتر میں بدعنوانی، تاخیر اور عوامی شکایات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دورے کے دوران شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی متعدد شکایات کی روشنی میں تحصیلدار ایس ڈی سی مردان کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا جبکہ معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الزامات اور شکایات کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کریں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکیں۔وزیر ریونیو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے فوری حل، شفافیت کے فروغ اور ریونیو خدمات کی بہتری کے لئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کا سرکاری اداروں پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔
