پیہور ہائی لیول کینال توسیعی منصوبہ زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، سیکرٹری زراعت

سیکرٹری زراعت خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان کی زیر صدارت پیہور ہائی لیول کینال توسیعی منصوبے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کے باقی ماندہ کاموں کی تکمیل کے لیے 30 جون 2027 تک ایک سالہ توسیع کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ٹیم لیڈر ریوٹارو تاکاکو نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری ڈیولپمنٹ، محکمہ زراعت اور ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر آن فارم واٹر مینجمنٹ بھی موجود تھے۔
ریوٹارو تاکاکو نے منصوبے کے مجموعی اہداف، موجودہ پیش رفت اور درپیش چیلنجز و رکاوٹوں کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت ضلع صوابی اور نوشہرہ کی تقریباً 18 ہزار ایکڑ بارانی اراضی کو سیراب زراعت کے دائرے میں لایا جا چکا ہے، جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کی معاشی حالت بہتر بنانے میں نمایاں مدد ملی ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ منصوبے کا بنیادی مقصد زرعی پیداوار اور کسانوں کی آمدن میں اضافہ کرکے غربت کے خاتمے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
سیکرٹری زراعت نے 84 ملین ڈالر مالیت کے ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے جاری اس میگا منصوبے کے تحت ہونے والی پیش رفت اور حاصل شدہ نتائج کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے علاقے کی کاشتکار برادری کے معیارِ زندگی میں مثبت اور دیرپا تبدیلی آئے گی۔
انہوں نے منصوبے کی پائیداری اور مؤثر آپریشن و مینٹیننس کو یقینی بنانے کے لیے آن فارم واٹر مینجمنٹ کی فعال شمولیت کو ناگزیر قرار دیا۔ سیکرٹری زراعت نے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تحت مکمل کیے گئے اقدامات اور متعلقہ ڈیٹا ڈائریکٹوریٹ جنرل آن فارم واٹر مینجمنٹ کے ساتھ شیئر کیا جائے تاکہ آبپاشی نظام کی پائیدار فعالیت اور کمانڈ ایریا کی زرعی پیداواری صلاحیت میں مزید بہتری کے لیے ضروری اقدامات بروقت کیے جا سکیں۔

مزید پڑھیں