خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ضلع کوہاٹ میں امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر ضروری اقدامات مکمل کئے جا رہے ہیں جبکہ جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے جامع سیکیورٹی پلان نافذ کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات شفیع جان نے یہ بات محرم الحرام کے انتظامات، بین المسالک ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال کے جائزے کیلئے اہلِ سنت والجماعت اور اہلِ تشیع کے علیحدہ علیحدہ جرگوں کی صدارت کرتے ہوئے کہی جن میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر، ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی، ریٹائرڈ چیف جسٹس ابنِ علی، ایم این اے شہریار آفریدی کے نمائندے، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں، علما کرام، عمائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوہاٹ ہمیشہ سے مذہبی رواداری، بھائی چارے اور بین المسالک احترام کی ایک روشن مثال رہا ہے جہاں اہلِ سنت اور اہلِ تشیع ایک دوسرے کے مذہبی اور سماجی معاملات میں بھرپور تعاون کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال بھی محرم الحرام اسی جذبے اور باہمی احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اجلاسوں میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، بجلی، پانی اور طبی سہولیات سمیت مختلف انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے فیصلہ کیا کہ جلوسوں کے راستوں، مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی، اسٹریٹ لائٹس اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی پلان پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ شفیع جان نے کہا کہ حکومت عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور جلوسوں و مجالس کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی کے پیش نظر پانی، ادویات، ایمبولینس سروس اور دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ڈی پی او کو ہدایت کی کہ حساس مقامات، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ اشتعال انگیز تقاریر یا فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاسوں کے اختتام پر شفیع جان نے اہلِ سنت و اہلِ تشیع کے علماء کرام، مشران، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کے اشتراک سے محرم الحرام کے دوران امن، یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھی جائے گی۔
