خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی ولولہ انگیز قیادت میں صوبے میں تعلیم، صحت اور ترقیاتی شعبوں میں عملی اور تیز رفتار اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے 42.621 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ گورنمنٹ ہائی سکول بہزادی چکرکوٹ، کوہاٹ میں نئی ہایئر سیکنڈری بلڈنگ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے اور اسی وژن کے تحت نوجوان نسل کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوہاٹ میں پرائمری سے ہائر سیکنڈری سطح تک درجنوں سکولوں کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ خواتین یونیورسٹی اور ڈگری کالج کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ ایک ہزار بیڈ پر مشتمل جدید ہسپتال کی منظوری بھی دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے خطے میں تعلیمی اور طبی سہولیات کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوہاٹ میں کروڑوں روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام بھی جاری ہے جس سے نہ صرف رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر ہوگا بلکہ علاقائی ترقی میں بھی تیزی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات کوہاٹ کو ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر میں تبدیل کرنے کے جامع وژن کا حصہ ہیں۔ چکرکوٹ میں ہائر سیکنڈری بلڈنگ کے افتتاح کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کے طلبہ کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے جس سے انہیں بہتر تعلیمی ماحول اور مزید مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیمی ڈھانچے کی بہتری کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے تاکہ کوئی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔ افتتاحی تقریب کے بعد وزیر اطلاعات نے عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تعلیمی و ترقیاتی منصوبوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
