خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے زیرِتعمیر لیاقت میموریل ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کوہاٹ کی تعمیراتی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسے ایک اہم فلیگ شپ منصوبہ قرار دیا ہے جس کا مقصد خواتین اور بچوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔ شفیع جان نے ڈیڈک چیئرمین و رکنِ صوبائی اسمبلی داؤد شاہ آفریدی اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر کے ہمراہ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔حکام نے بتایا کہ ہسپتال کا اے بلاک افتتاح کیلئے تیار ہے جبکہ پورا منصوبہ آئندہ سال مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ بریفنگ میں منصوبے کے مختلف حصوں پر جاری کام اور متوقع تکمیل کے مراحل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے تاکہ عوام کو جدید طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت میموریل ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کوہاٹ اور ملحقہ اضلاع کی خواتین اور بچوں کو ایک ہی چھت تلے خصوصی طبی خدمات فراہم کرے گا۔ شفیع جان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے تعمیراتی رفتار برقرار رکھی جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کی مقررہ وقت میں تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبائی وزیر نے ضلع کوہاٹ میں صحت کے شعبے کے دیگر بڑے منصوبوں کا بھی اعلان کیا جن میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال کی منظوری، کے ڈی اے ہسپتال کیلئے ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا ترقیاتی پیکیج اور ضلع بھر کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ دورے میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سلمان خان شنواری سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔ شفیع جان نے تعمیراتی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام جاری صحت منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
