صوبائی وزیر برائے محنت خیبر پختونخوا، فیصل خان ترکئی سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن آئی ایل او کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں مزدوروں کی فلاح و بہبود، محفوظ اور باوقار روزگار کے فروغ، سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور محکمہ محنت کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، سوشل سیکیورٹی سہولیات کی بہتری اور بین الاقوامی معیار کے مطابق لیبر اصلاحات کے عزم کا اعادہ کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت محنت کش طبقے کو بہتر طبی، سماجی اور قانونی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ملاقات کے دوران باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور محکمہ محنت کے مختلف شعبوں میں تکنیکی معاونت کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا اور اس سلسلے میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ 8 جولائی کو خیبر پختونخوا ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوشن کے ڈاکٹروں کے لیے ایک خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ورکشاپ کا مقصد طبی ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، جدید طبی رجحانات سے آگاہی اور سوشل سیکیورٹی کے تحت فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔وفد نے صوبائی حکومت اور محکمہ محنت کی جانب سے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
