صوبائی حکومت صنعت و تجارت کے فروغ اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ ہے، آفتاب عالم

خیبر پختونخوا کے وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم کی زیرصدارت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کوہاٹ کی عمارت کے لیے اراضی کی فراہمی سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس محکمہ قانون کے کمیٹی روم، پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان، رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انڈسٹری ہمایوں خان، چئیرمین ڈیڈک کوہاٹ داؤد شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری انڈسٹریز امجد علی خان، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نواز خان وزیر، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کوہاٹ رشید پراچہ، اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خصوصی ہدایات اور ان کے اعلان کی روشنی میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کوہاٹ کے لیے اراضی کی فراہمی کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران ضلعی انتظامیہ کو درپیش قانونی، انتظامی اور ریونیو سے متعلق رکاوٹوں پر غور کیا گیا اور ان کے پائیدار حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ شرکاء کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کوہاٹ چیمبر صوبے کے جنوبی اضلاع کا واحد فعال چیمبر ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایات کے مطابق کرک میں سالٹ اور جپسم کے قیام پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں اس قانونی نکتے پر بھی تفصیلی بحث کی گئی کہ سرکاری اراضی کسی بھی نجی ادارے کو مستقل منتقل نہیں کی جا سکتی، جس کے باعث چیمبر کو اراضی کی مستقل منتقلی یا خریداری کے امور پر باریک بینی سے غور کیا گیا۔ معاون خصوصی ہمایوں خان نے واضح کیا کہ چیمبر کے ساتھ وقتاً فوقتاً صوبائی حکومت بھرپور تعاون کرتی رہتی ہے۔ وزیر قانون آفتاب عالم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے بروقت حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ آفتاب عالم نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اراضی کی فراہمی کے عمل میں حائل تمام قانونی اور انتظامی رکاوٹوں کو باہمی مشاورت سے جلد از جلد دور کیا جائے تاکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی عمارت کے قیام کا منصوبہ عملی شکل اختیار کر سکے۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے قانونی تقاضوں کو جلد مکمل کریں گے اور اراضی کی فراہمی کے لیے قابلِ عمل اور متفقہ لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ محکموں کو ضروری اقدامات تیز کرنے اور پیش رفت سے وزیر قانون کو باقاعدگی سے آگاہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ وزیر قانون آفتاب عالم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوامی مفاد، صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ایسے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں