اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اور وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے مابین ہونے والی مشاورت، نیز سول سوسائٹی کی جانب سے سامنے آنے والے تحفظات اور تجاویز کے پیشِ نظر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے پیر، 13 جولائی 2026 کو دوپہر 12:00بجے اسپیکر چیمبر، خیبرپختونخوا اسمبلی میں تمام پارلیمانی قائدین کا ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔اجلاس میں اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی کے استحقاقات و مراعات سے متعلق مجوزہ بل پر تفصیلی غور کیا جائے گا، جبکہ سول سوسائٹی، صحافیوں اور دیگر متعلقہ حلقوں کی جانب سے سامنے آنے والی آراء، تجاویز اور تحفظات کی روشنی میں بل کی مختلف شقوں پر مشاورت کی جائے گی تاکہ ایک متوازن، جامع، قابلِ عمل اور عوامی توقعات سے ہم آہنگ قانون سازی کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں نمائندگی رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی قائدین شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان، صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم، چیف وہپ خیبرپختونخوا اسمبلی اکبر ایوب خان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس کے دوران مجوزہ بل کی مختلف شقوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور تمام متعلقہ آراء اور تجاویز کی روشنی میں اتفاقِ رائے سے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔اس موقع پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا خیبرپختونخوا اسمبلی درحقیقت عوام کا ایوان ہے، اور اس ایوان میں ہونے والی ہر قانون سازی کا محور عوامی مفاد، شفافیت اور جمہوری اقدار ہیں۔ ہماری اولین ترجیح عوام کا اعتماد اور سول سوسائٹی کی مثبت آراء ہیں۔ اگر کسی مجوزہ قانون پر معاشرے کے مختلف طبقات کی جانب سے تجاویز یا تحفظات سامنے آئیں تو پارلیمان کی ذمہ داری ہے کہ انہیں سنجیدگی سے سنے، ان پر کھلے دل سے مشاورت کرے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی آراء کی روشنی میں ایسی قانون سازی کو یقینی بنائے جو عوامی امنگوں، آئینی تقاضوں اور جمہوری روایات سے مکمل ہم آہنگ ہو۔
