سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے وژن کے مطابق نوجوانوں میں پارلیمانی تعلیم، آئینی شعور اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی میں تعلیمی و مطالعاتی دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی پروگرام کے تحت رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم علی شاہ الہاشمی کی درخواست پر دارالمحبہ الایتام، بنوں (پاک چیریٹی) کے یتیم بچوں نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کیا۔دورے کے دوران بچوں نے وزیٹرز گیلری سے اسمبلی اجلاس کی کارروائی کا مشاہدہ کیا، جبکہ انہیں خیبرپختونخوا اسمبلی کے آئینی کردار، قانون سازی کے مراحل، پارلیمانی روایات اور جمہوری نظامِ کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی تاکہ وہ پارلیمانی نظام سے عملی طور پر آگاہی حاصل کر سکیں۔اس موقع پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا کہ نوجوان نسل، بالخصوص یتیم اور مستحق بچوں کو جمہوری اداروں، آئینی نظام اور قانون سازی کے عمل سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے مطالعاتی دورے نوجوانوں میں قومی شعور، آئینی آگاہی، جمہوری اقدار اور ذمہ دار شہری ہونے کے احساس کو فروغ دینے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔اسپیکر نے پاک چیریٹی اور رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم علی شاہ الہاشمی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے محروم طبقات، خصوصاً یتیم بچوں کو ایسے تعلیمی مواقع فراہم کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ بچوں کے لیے ایک یادگار اور مفید تجربہ ثابت ہوگا اور انہیں مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گا۔دورے کے اختتام پر بچوں نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے کیے گئے پرتپاک استقبال، رہنمائی اور مہمان نوازی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اس دورے کو اپنی زندگی کا ایک منفرد، معلوماتی اور یادگار تجربہ قرار دیا۔
