وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود، امن و امان کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں اور مثبت صحافت کے ذریعے عوام کو درست معلومات کی فراہمی اور ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ پریس کلب لکی مروت کے نو منتخب عہدیداران اور ممبران گورننگ باڈی کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نو منتخب کابینہ اور گورننگ باڈی کے اراکین سے ان کے عہدوں کا حلف بھی لیا۔طارق سعید مروت نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت پورے صوبے، بالخصوص ضلع لکی مروت میں پائیدار امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیتے ہوئے مثبت حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے، جبکہ حکومت تعمیری تنقید کو اصلاح کا ذریعہ سمجھتے ہوئے اس کا خیرمقدم کرتی ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پریس کلب لکی مروت کے نائب صدر غلام اکبر مروت نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے پریس کلب کی مستقل عمارت کی تعمیر، صحافیوں کے لیے گرانٹ اِن ایڈ اور میڈیا کالونی کے قیام سمیت دیگر مطالبات پیش کیے۔معاونِ خصوصی طارق سعید مروت نے صحافی برادری کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے انہیں مثبت یقین دہانی کرائی کہ ان شاء اللہ جلد صوبائی وزیر اطلاعات کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب لکی مروت کا دورہ کیا جائے گا، جہاں صحافیوں سے تفصیلی ملاقات کے ساتھ ان کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے ضلع بھر کے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور امن، ترقی، سماجی ہم آہنگی اور عوامی فلاح کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی پیشہ ورانہ خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
