کالاش میرج ایکٹ کی منظوری تاریخی پیش رفت ہے، کالاش برادری کی ثقافت اور حقوق کے تحفظ کو مزید تقویت ملے گی۔ اسپیکر بابر سلیم سواتی

خیبر پختونخوا اسمبلی سے کالاش میرج ایکٹ کی منظوری پاکستان کی واحد مقامی کالاش برادری کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ اس قانون سازی کے ذریعے پہلی مرتبہ کالاش برادری کے نکاح و شادی سے متعلق باقاعدہ قانونی فریم ورک فراہم کیا گیا ہے، جو ان کی منفرد ثقافت، شناخت، خاندانی نظام اور قانونی حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس سلسلے میں اسپیکر چیمبر خیبر پختونخوا اسمبلی میں ایک تقریب منعقد ہوئی، صدر انصاف منارٹی ونگ خیبر پختونخوا اور سابق رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ کالاش کی قیادت میں کالاش برادری کے وفد نے اسپیکر بابر سلیم سواتی سے ملاقات کی۔ وفد میں سٹیفن کینٹ کنٹری ڈائریکٹر نارویگن ایڈ، سرمد اقبال، رضوان علی اور قمر نسیم (سی ای او بلیو وینز) شامل تھے۔ چیف وہپ خیبر پختونخوا اسمبلی اکبر ایوب خان، سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی سید وقار شاہ، پرنسپل سیکرٹری ٹو اسپیکر میاں سریر اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب کے دوران وفد نے کالاش میرج ایکٹ کی منظوری پر اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اور ایوان کے تمام معزز اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کالاش برادری کی جانب سے اسپیکر بابر سلیم سواتی کے اعزاز میں کیک بھی کاٹا گیا، جبکہ وفد نے اس تاریخی قانون سازی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسپیکر اور اسمبلی کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا کہ کالاش برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔ ان کی ثقافت، روایات، شناخت اور حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی ہمیشہ تمام برادریوں بالخصوص اقلیتی طبقات کے آئینی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
اسپیکر نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی عوامی امنگوں کے مطابق قانون سازی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور کالاش میرج ایکٹ صوبے میں ثقافتی تنوع کے احترام اور حقوق کے تحفظ کی ایک روشن مثال ہے۔وزیر زادہ نے اسپیکر بابر سلیم سواتی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، صوبائی حکومت اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کالاش میرج ایکٹ کی منظوری کالاش برادری کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے ان کے خاندانی نظام، مذہبی روایات اور ثقافتی تشخص کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کالاش میرج ایکٹ کے مؤثر نفاذ کے لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ کالاش برادری کے حقوق اور مفادات کا عملی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں