خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم نے اتوار کو کوہاٹ ہائی وے کے مجوزہ ریسکیو 1122 اسٹیشن کیلئے مختص مقام کا دورہ کیا اور حکام کو منصوبے پر جلد اور معیاری انداز میں پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر قانون کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر اور ریسکیو 1122 کے ضلعی انچارج نورالامین بھی موجود تھے۔ انہوں نے ٹول پلازہ کے قریب مجوزہ مقام کا تفصیلی جائزہ لیا جہاں متعلقہ حکام نے منصوبے کے تکنیکی، انتظامی اور آپریشنل پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ دورے کے دوران منصوبے پر عمل درآمد کیلئے درکار انتظامات، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور تعمیراتی عمل کو تیز کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر قانون نے کہا کہ منصوبے کو مقررہ معیار اور طے شدہ مدت کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ کوہاٹ ہائی وے پر سفر کرنے والے شہریوں کو بروقت اور مؤثر ہنگامی امدادی سہولیات میسر آ سکیں۔ مجوزہ ریسکیو 1122 اسٹیشن کے قیام سے کوہاٹ ہائی وے پر ٹریفک حادثات، طبی ایمرجنسی اور دیگر ہنگامی صورتحال میں امدادی کارروائیوں کا رسپانس ٹائم نمایاں طور پر کم ہوگا، جس سے قیمتی جانوں کے تحفظ اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ حکام نے بتایا کہ یہ منصوبہ حکومتِ خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے میں ایمرجنسی سروسز کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے اور اہم شاہراہوں پر ریسکیو سہولیات کی دستیابی کو مزید مؤثر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
