سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی،سے اکاؤنٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا طارق بشیر چٹھا نے ملاقات کی۔ سپیکر اسمبلی نے نو تعینات اکاؤنٹنٹ جنرل کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں سیکرٹری خیبرپختونخوا اسمبلی سید وقار شاہ، پرنسپل سیکرٹری ٹو سپیکر میاں سریر اور اسمبلی کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا اسمبلی کے مالیاتی امور کو مزید شفاف، مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بینک آف خیبر کے اشتراک سے اسمبلی ملازمین کے لیے مجوزہ کار مونیٹائزیشن پلان ہاؤس فنانسنگ سہولیات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس حوالے سے ایسا مؤثر ادائیگی نظام وضع کرنے پر بھی غورکیا گیاجس کے ذریعے ملازمین کی اقساط تنخواہوں سے آسانی کے ساتھ ادا کی جا سکیں۔سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ اسمبلی میں مالیاتی نظم و نسق کو مزید مضبوط، شفاف اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ عوامی وسائل کا مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر سیکرٹری اسمبلی نے کہا کہ سپیکر بابر سلیم سواتی کے وژن کے مطابق ادارے میں کفایت شعاری اور وسائل کے بہتر استعمال کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور میں اسمبلی میں قائم ٹیکنیکل ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے مشینری اور آلات کی مرمت و بحالی سے نئے آلات کی خریداری پر آنے والے کروڑوں روپے کی بچت ممکن ہوئی ہے، جبکہ مجوزہ مالیاتی اصلاحات سے بھی سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو مزید فروغ ملے گا۔
