خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کوئٹہ میں کوئلہ کان کے افسوسناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے یہاں سے جاری تعزیتی بیان میں صوبائی وزیر نے شانگلہ اور دیگر علاقوں کے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک حادثے نے رنجیدہ کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ کیا ہے اور جاں بحق افراد کی میتوں کی منتقلی کے لئے خصوصی انتظامات کی درخواست کی ہے، جاں بحق افراد کی میتوں کو جلد انکے آبائی علاقوں کو منتقل کیا جائے گا ،انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر اطلاعات نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابل تلافی نقصان صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
