وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے معاونِ خصوصی برائے جیل خانہ جات افتخار اللہ جان کے ہمراہ ضلع چارسدہ میں ہنگو دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی دیار خان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کے خاندان سےدلی تعزیت کا اظہار کیا، فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی جبکہ لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ شہید ڈی ایس پی دیار خان اور دیگر پولیس شہداء نے امن، قانون کی بالادستی اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بہادری، فرض شناسی اور قربانی کی نئی مثال قائم کی ہے۔انکی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔شفیع جان نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ خود کو ہرگز تنہا نہ سمجھیں، صوبائی حکومت ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت شہداء کے خاندانوں کی مکمل کفالت، فلاح و بہبود اور ہر ممکن مالی معاونت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے
