وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور سیاحوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سیاحتی مقامات پر ٹورسٹ فیسلیٹیشن سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام اور سلک روڈ انٹرپرائزز کے اشتراک سے بین الاقوامی سلک روٹ فیسٹیول 2026 کے حوالے سے منعقدہ بزنس بریفنگ سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جنید الطاف، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔معاون خصوصی ملک عدیل اقبال نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سیاحت کے فروغ کے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ “میزبان پروگرام” کے تحت مستحق افراد کو بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے گھروں کی تزئین و آرائش کرکے انہیں ہوم اسٹے کے طور پر سیاحوں کے لیے تیار کریں۔ اس اقدام سے نہ صرف سیاحوں کو معیاری رہائش میسر آئے گی بلکہ مقامی آبادی کے لیے روزگار اور آمدن کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے مقامی معیشت مستحکم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے ٹورازم ہیلپ لائن 1422 متعارف کرائی گئی ہے، جہاں سے سیاح اپنے سفر، سیاحتی مقامات اور دیگر ضروری معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ اسی طرح سیاحتی علاقوں میں ٹورازم پولیس بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ سیاحوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ حکومت ایوبیہ چیئر لفٹ کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے جبکہ نتھیاگلی میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے پارکنگ پلازوں کی تعمیر کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ بغیر این او سی تعمیرات کرنے والے افراد اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے اور متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ملک عدیل اقبال نے کہا کہ محکمہ سیاحت میں موجود بدعنوان عناصر کی نشاندہی کی جائے، حکومت ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے گی اور انہیں نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔اس موقع پر بین الاقوامی سلک روٹ فیسٹیول 2026 کے اغراض و مقاصد، علاقائی تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو بین الاقوامی کاروباری روابط، غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات اور خطے میں تجارتی تعاون کے فروغ سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
