وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا ارشد ایوب خان اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے پشاور میں قائم کئے گئے گلوبل ورچوئل سکول کا افتتاح کردیا ہے۔ اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں وزیر تعلیم اور چیف سیکرٹری نے ڈیجیٹل بورڈ پر تعلیمی سرگرمیوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خالد خان اور ایم ڈی خیبرپختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن قیصر عالم، سینئر صحافی دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ایک جامع بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ گلوبل ورچوئل سکول کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل تعلیم سے آراستہ ایک جدید تعلیمی مرکز کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے میں تدریسی نظام کو نئی سمت دینا اور دوردراز علاقوں کے طلبہ کو معیاری تعلیم کی جدید سہولتیں ہمہ وقت فراہم کرنا ہے۔
سکول میں سات جدید ورچوئل کلاس رومز، سات ڈیجیٹل لیبارٹریوں، تعلیمی اور آگاہی پروگراموں کی تیاری کے لیے قائم پوڈکاسٹ اسٹوڈیو اور اساتذہ کی تربیت کے لیے جدید ٹریننگ ہال تعمیر کیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلوبل ورچوئل سکول صوبے بھر میں قائم کیے جانے والے ورچوئل تعلیمی نظام کا مرکز ہوگا، جس کے ذریعے 500 سے زائد سکولوں میں 175 کلاس رومز کو ورچوئل کلاس رومز میں تبدیل کرتے ہوئے گلوبل ورچوئل سکول سے منسلک کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں مصنوعی ذہانت پر مبنی تدریسی نظام بھی شامل ہے، جس سے طلبہ کو جدید اور انفرادی ضروریات کے مطابق مختلف زبانوں میں تعلیم فراہم کی جا سکے گی۔ اردو، پشتو اور انگلش میں تدریس کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب میں وزیر تعلیم نے ٹیم کی محنت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ سکولوں سے باہر طلبہ کو تعلیمی مواقع دے گا، تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گا اور اس پورے ملک میں ایک ماڈل منصوبہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے تعلیم اور صحت کو اولین ترجیحات میں رکھا ہے اور ان کے اور چیف سیکرٹری کی بدولت سکولوں کا نظام اور تعلیمی ماحول بہتر ہورہا ہے۔ انہوں نے تعلیمی شعبے کو خصوصی سر پرستی اور توجہ دینے پر چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت خیبر پختونخوا کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت صوبے کے ہر بچے کو، چاہے وہ کسی بھی علاقے سے تعلق رکھتا ہو، معیاری تعلیم تک یکساں رسائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس روڈ میپ میں تعلیم کو سب سے اولین ترجیح حاصل ہے۔ یہ ایک انتہائی جدت آمیز منصوبہ ہے اور محکمہ تعلیم نے اسے عملی جامہ پہنانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے حساس علاقوں میں، آفت زادہ علاقوں میں اور ان علاقوں میں جہاں اساتذہ کی کمی اور ڈیوٹی سے متعلق مسائل شامل وہاں یہ زیادہ مؤثر کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے طلبہ انتہائی باصلاحیت اور پرجوش ہیں، اور یہ موقع انہیں بہتر تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور مستقبل میں اسے مزید وسعت دی جائے گی۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی نے گلوبل ورچوئل سکول ڈیش بورڈ کے ذریعے وزیرستان، باجوڑ اور دیر کے طلباء و طالبات سے بات بھی کی اور کلاسز کا جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری نے اے ائی ٹیچر سے بھی بات چیت کی۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔
