چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی و انتظامی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے بھر میں اضلاع کی سطح پر 69 بیوٹیفکیشن اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ روزمرہ کے اقدامات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی عوامی شکایات پر بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ پورے صوبے سے جدت پر مبنی سات اقدامات کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے جنہیں تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں نافذ کریں گے۔ ان اقدامات میں یوتھ ڈیجیٹل سکلز اور ای کامرس ٹریننگ، شفافیت کے فروغ کے لیے ڈسٹرکٹ ریکارڈ رومز کی ڈیجیٹائزیشن، “امید صحت” ٹیلی میڈیسن پروگرام، اضلاع کی سطح پر ای کامرس کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل مارکیٹ پلیس، مسجد ہیلتھ ڈیسک، کمیونٹی فلیگ پول وارننگ سسٹم، اور متعدی بیماریوں کی روک تھام کے اقدامات شامل ہیں۔ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ 28 جون سے اب تک درختوں کی غیرقانونی کٹائی کے خلاف 274 آپریشنز کیے جا چکے ہیں جن کے دوران 5,743 سی ایف ٹی ٹمبر اور 35,962 کلوگرام جلانے کی لکڑی ضبط کی گئی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ اگست کے مہینے میں کارکردگی کی بنیاد پر تمام ڈپٹی کمشنرز کی رینکنگ جاری کی جائے گی، جس کا معیار ضلعی انتظامیہ کو تفویض کردہ ٹاسکس پر عملدرآمد ہوگا۔پشاور میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا کہ جنرل بس سٹینڈ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ ناردرن سیکشن رنگ روڈ پر تعمیراتی کام تیزی سے تکمیل کے مراحل کی جانب گامزن ہے۔ کبوتر چوک انڈر پاس کا منصوبہ بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں انڈر پاسز کے اطراف شجرکاری اور بیوٹیفکیشن کے کام پر بھی توجہ دی جائے گی۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں