خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہسپتال منتقلی پر عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی کرکے نہ صرف عدلیہ کی توہین کی بلکہ آئین و قانون کی بالادستی کو بھی پامال کیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے بجائے پمز ہسپتال منتقل کرنا جعلی حکمرانوں کی بزدلی، ہٹ دھرمی اور عمران خان کے خوف کا واضح ثبوت ،انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو ہسپتال میں رکھنے اور انہیں مطلوبہ طبی سہولیات فراہم کرنے کے واضح احکامات جاری کیے تھے، لیکن بدقسمتی سے
وفاقی حکومت نے عمران خان کو ہسپتال میں رکھنے کے بجائے واپس اڈیالہ جیل منتقل کرکے کھلی توہین عدالت کا راستہ اختیار کیا،شفیع جان نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اس غیر قانونی اور آمرانہ طرز عمل اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے درخواست دائر کی جائے گی۔ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر وفاقی حکومت کو اب حساب دینا ہوگا،انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ چور حکومت عمران خان کی صحت سے کھیل رہی ہے، یہ محض غفلت نہیں بلکہ ایک سنگین جرم ہے۔ وفاقی حکومت نے آمرانہ اقدامات کے ذریعے ظلم کی تمام حدیں پار کردی ہیں، جبکہ مسلسل آئین شکنی اب ناقابل برداشت ہوچکی ہے،صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا فارم 47 کے جعلی حکمران آئین و قانون کی دھجیاں اڑاتے ہیں اب انہیں اپنے غیر قانونی اقدامات کا جواب دینا ہوگا،شفیع جان نے کہا کہ وفاقی وزیر عطا تارڑ نے ہسپتال کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی موجودگی سے متعلق قوم کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹ بولا اور من گھڑت بیانہ بنایا، عطا تارڑ اور کٹھ پتلی وزراء پہلے دن سے بانی چیئرمین عمران خان کی صحت کے معاملے پر قوم کو گمراہ کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں اسٹریٹ موومنٹ بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ہفتہ اور اتوار کو ہنگو اور بونیر کا دورہ کریں گے اور اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں پورے ملک کے دورے بھی کریں گے،صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریاں جاری ہیں اور اب ان تیاریوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ عمران خان کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے تحریک ہر سطح پر بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔
