اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے حوالے سے اہم اجلاس

سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت نجی سکولوں کی نمائندہ تنظیم کے وفد، محکمہ لیبر، ابتدائی و ثانوی تعلیم اور پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی (PSSRA) خیبرپختونخوا کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان اور وزیرِ قانون آفتاب عالم، چئیر قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم افتخار علی مشوانی، ایم پی اے اکرام اللہ غازی بھی موجود تھے۔اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ خصوصی طور پر محکمہ لیبر کی جانب سے نجی سکولوں کے عملے کے لیے مقرر کردہ کم از کم اجرت (Minimum Wages) کی شرح اور اس پر عملدرآمد کے معاملے پر تفصیلی بحث ہوئی۔
نجی سکولوں کی نمائندہ تنظیم کے وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ کم فیس لینے والے چھوٹے نجی سکولوں کے لیے موجودہ کم از کم اجرت کے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد مالی مشکلات کا باعث بن رہا ہے اور ان اداروں کے لیے اپنے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے واضح کیا کہ کسی بھی فیصلے میں نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ نجی سکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ اور دیگر عملے کے حقوق کا بھی مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔تفصیلی غور و خوض کے بعد اجلاس اس نتیجے پر پہنچا کہ اس معاملے کی بنیادی نوعیت مختلف قوانین کے باہمی تقابل اور ممکنہ اوورلیپ سے متعلق ہے، بالخصوص PSSRA کے متعلقہ قوانین اور محکمہ لیبر کے قوانین کے درمیان موجود ابہام اور تضادات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ متعلقہ قوانین کا جامع جائزہ لے کر ان میں موجود تضادات اور اوورلیپ کی نشاندہی کی جائے گی اور ضرورت کے مطابق قانون سازی یا قانونی ترامیم کے ذریعے اس مسئلے کا مستقل اور قابلِ عمل حل تلاش کیا جائے گا۔اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسا متوازن اور دیرپا حل وضع کیا جائے گا جس میں نجی تعلیمی اداروں کے استحکام کے ساتھ اساتذہ اور دیگر ملازمین کے قانونی و معاشی حقوق کا تحفظ بھی یقینی ہو اور صوبے میں تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل اور مزید بہتر انداز میں جاری رہ سکیں۔

مزید پڑھیں